اترپردیش کے وزیر اعلی اکھلیش یادو کی رکن پارلیمان بیوی ڈمپل یادو نے اپیل
کرتے ہوئے کہا ہے، "اپنے بھیا کو ایک بار پھر وزیر اعلی بنا دیجیے۔"
محترمہ یادو آج یہاں باہ میں ایک ریلی سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس انتخاب میں
پہلی بار تنہا نکلی ڈمپل یادو کی ریلی میں خواتین اور نوجوانوں کی تعداد
زیادہ نظر آئی۔ انہوں نے کہا، " آپ کے بھیا نے آپ کی ترقی کرنے کے لئے پانچ
برس لگن اور محنت سے کام کیا ہے۔ ایک بار پھر انہیں وزیر اعلی بنا دیجیے۔
باقی کاموں کو پورا کر دیا جائے گا۔ " وزیر اعلی کو ان کے حامی 'بھیا' کہتے
ہیں۔
محترمہ ڈمپل یادو نے کہا کہ وزیر اعلی کی سوچ نوجوانوں اور کسانوں کے
تئیں نہایت مثبت ہے۔ کسانوں کی بہتری کے لئے بجلی کے اچھے انتظامات کئے
گئے ہیں۔ اب تو گاؤں میں بھی 18 گھنٹے بجلی آ رہی ہے۔ منصوبوں کو بنانے اور
ان کے نفاذ میں وزیر اعلی کا کوئی ثانی ہی نہیں ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ آگرہ سے لکھنؤ تک بنے ایکسپریس وے سے معیشت ٹھیک
ہوگی۔ کسانوں کی مالی حالت بہتر ہوگی۔ کسان بیمہ یوجنا کا ذکر کرتے ہوئے
انہوں نے کہا کہ یہ کسانوں کے لئے بہترین منصوبہ ہے۔ اس سے حادثے میں
کسانوں کی موت یا معذور ہو جانے پر مناسب معاوضہ مل جاتا ہے۔